حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارۂ ثقافت و ارتباطات کی دعوت پر ایران کے سفر پر آئے جنوبی کوریا میں موجود ایسوسی ایشن بنام "انجمن ادیان برای صلح" کے سیکرٹری جنرل جناب ڈاکٹر کم تاؤسونگ اور اسی انجمن کے رکن جناب ڈاکٹر پارک ہیانڈو نے ادیان و مذاہب یونیورسٹی کے وزٹ کے دوران حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی تسخیری سے ملاقات اور گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق ادیان و مذاہب یونیورسٹی کے مرکز صلح و گفتگو کے دفتر میں ہوئی اس ملاقات میں مواصلات اور بین الاقوامی امور کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین محمد مہدی تسخیری نے اس یونیورسٹی کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان علمی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر تاکید کی۔
انہوں نے کہا: دنیا بھر کے تمام ادیان و مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور دنیا کے اکثر مذاہب و مسالک کے رہنما بھی ادیان و مذاہب یونیورسٹی کی سرگرمیوں سے بخوبی آشنا ہیں۔
انہوں نے قرآن کی آیت "یَا أَیُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاکُمْ مِنْ ذَکَرٍ وَأُنْثَی وَجَعَلْنَاکُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَاکُمْ إِنَّ اللَّهَ عَلِیمٌ خَبِیرٌ" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ہم ہر سال اس یونیورسٹی میں دنیا بھر سے مختلف وفود کی میزبانی کرتے ہیں اور اس آیت کریمہ کے مطابق ہمارا عقیدہ ہے کہ ان ملاقاتوں اور باہمی گفتگو کے ذریعہ انسانوں کے درمیان موجود اختلافات کم ہو سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں جنوبی کوریا میں موجود ایسوسی ایشن بنام "انجمن ادیان برای صلح" کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کم تاؤسونگ نے بھی جنوبی کوریا کی یونیورسٹیز اور ادیان و مذاہب یونیورسٹی کے درمیان علمی اور ثقافتی تعاون میں مزید وسعت کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ہم سب کو دنیا بھر میں امن اور سلامتی کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے اور میں یہاں ایک ایسی یونیورسٹی میں آ کر بہت خوش ہوں جس کا بنیادی مقصد ہی دنیا میں امن و آشتی کو پھیلانا ہے۔